خصوصی افراد کی ملازمت کے کوٹہ پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا؛ صدر مملکت

12

 

اسلام آباد،9جنوری  (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے   معذور  افراد کی مالیاتی خودمختاری کیلئے حکومتی سطح پر ملازمت کے کوٹہ پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادارےمعذوری  سے دوچار افراد کیلئے موزوں ملازمتوں کی نشاندہی کریں ،افرادی قوت میں خصوصی افراد کی شمولیت بڑھانے کیلئے ہنر کے مطابق نوکریاں دی جائیں۔

صدر مملکت عارف علوی کی  زیر صدارت    خصوصی افراد کی ملازمت کے کوٹہ پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس منگل کو یہاں  منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق، سیکرٹری فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور  سپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال رکن بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ     خصوصی افراد پاکستان کی آبادی کا تقریباً 12 فیصد حصہ ہیں ، کوٹے جیسے مثبت اقدامات سے ملازمت میں موجود رکاوٹیں دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ معذوری کے حامل افراد کو قابل قدر مہارتوں سے آراستہ  کرنا ہوگا، خصوصی افراد کی معذوری کی نوعیت و شدت کے مطابق ملازمتیں دینے ، ممکنہ آجروں سے ملانے کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت نے خصوصی افراد کی جانب معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت پر  زور دیا۔ انہوں نےکہا کہ نجی سکول معذوری کے حامل بچوں کو داخلے دیں،نجی سکول خصوصی افراد کی جامع تعلیم کیلئے اقدامات کریں۔

سیکرٹری فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی اجلاس کو حامل معذوری افراد کی سہولت کیلئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خصوصی افراد سی ایس ایس کے تمام گروپس  کیلئے امتحانات میں شرکت کے اہل ہیں، کمیشن امتحانات کے دوران خصوصی افراد کو اضافی وقت اور تحریری معاون فراہم کر رہا ہے،خصوصی افراد کو مقابلے کے امتحان میں قواعد کے تحت عمر کی بالائی حد میں  2 سال کی چھوٹ دی جا رہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تمام وزارتوں/ ڈویژنوں/محکموں کے ساتھ 2 فیصد ملازمتوں کے کوٹہ کے نفاذ کیلئے بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے ، سرکاری شعبے میں خصوصی افراد کی ملازمتوں کے کوٹے کے نفاذ میں رکاوٹوں اور مشکلات کی نشاندہی کریں۔صدر مملکت نے معذوری کےحامل افراد کے حقوق کیلئے وزارتوں کے تعاون کو سراہا۔