پشاور،11جنوری(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ” خوشحال خیبرپختونخوا” کے نام سے ایک پروگرام کا اجراء کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں کریش کورسز کروائے جائیں گے اور انہیں روزگار کیلئے بیرون ممالک بھیجا جائے گاجس سے یہ نوجوان نہ صرف اپنے اور اپنے خاندانوں کیلئے باعزت روزگار کمائیں گے بلکہ ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ‘بنو قابل’ پروگرام کے افتتاح کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس مقصد کیلئے ہیومن ریسورس ایکسپورٹ اسٹریٹیجی تیار کی ہے جس پر عمل درآمد کیلئے ایک اعلی سطح کی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کرکے اس اسٹریٹیجی پر پیشرفت یقینی بنارہی ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ ہم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں کے علاوہ میڈیکل، ٹیکنکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے شعبوں میں بین الاقوامی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق کریش کورسز کروا کر سالانہ پانچ لاکھ نوجوانوں کو روزگار کیلئے بیرون ممالک بھیجنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں صوبے کے ایک ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں مفت شارٹ کورسز کروائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے ہی خوشحال پختونخوا پروگرام کے تحت ٹریننگز کے پہلے مرحلے کا باضابطہ اجراء کر دیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو شارٹ کورسز کروائے جائیں گے۔ ہم نے اس مقصد کیلئے مختلف سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے اشتراک کار کا ایک جامع نظام بھی وضع کیا ہے تاکہ پروگرام کے سو فیصد اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن کا نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کا پروگرام صوبائی حکومت کے وژن کے عین مطابق ہے اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں الخدمت فاونڈیشن کو درکار تمام تعاون فراہم کرے گی۔