اسلام آباد، 12 جنوری (اے پی پی ):اقوام عالم کو وباؤں سے محفوظ اور صحت کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تاریخ میں پہلی بار 2 روزہ گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ کا پاکستان میں انعقاد کیا گیا، سمٹ کا افتتاح وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کیا۔ سمٹ میں 70 سے زائد ممالک سے شعبہ صحت کے چوٹی کے ماہرین، وزرائے صحت، مندوبین اور وفود نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے حکومت پاکستان اور وزارت صحت کی جانب سے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔سمٹ کے اختتام پر وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے سمٹ کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ قومی مفادات سے بالاتر ہو کر، ہم ایک مشترکہ مقصد کے لیے شراکت دار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سب کی صحت کو یقینی بنانا ہمارا اولین مقصد ہے۔
دو روزہ عالمی صحت سربراہی اجلاس،صحت کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے لیے ایک متحد، مربوط جواب کے لیے زبردست عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔