لاہور،12جنوری(اے پی پی):سندھ پولیس کے زیر تربیت ڈی ایس پیز نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اورآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سندھ پولیس کے زیرتربیت افسران سے ٹریننگ، فیلڈ تجربات بارے دریافت کیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ نوجوان افسران کیلئے فیلڈ کے ساتھ آفس مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن کا تجربہ حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ زیر تربیت پولیس افسران کو ویلفیئر، ڈسپلن، فنانس،آپریشنز اور انویسٹی گیشن سمیت مختلف برانچز کی ورکنگ سکھائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سندھ کے پولیس افسران سی پی او کی ٹریننگ کے بعد پروفیشنل کیریئر میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے۔
آئی جی پنجاب نے سندھ پولیس کے ڈی ایس پیز کو ٹریننگ دلجمعی اور لگن کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کے دوران اربن و رورل پولیسنگ کے تمام پہلووں بارے آگاہی و مہارت حاصل کریں،انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جرائم کی سرکوبی، پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے اقدامات یقینی بنائیں۔
زیر تربیت ڈی ایس پیز نے آئی جی پنجاب کو فیلڈ ٹریننگ کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور مشاہدات بارے آگاہ کیا، مختلف سوالات بھی پوچھے ۔اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم اور اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار سمیت دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے ۔