کراچی،16 جنوری ( اے پی پی): پنجاب کے حارث طاہر نے مسلسل تیسری کامیابی سمیٹ کر 48ویں این بی پی نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے ،نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کھیلنے والے کم عمر ترین کیوئسٹ گیارہ سالہ محمد ساحل کو اپنے دونوں ابتدائی میچوں میں شکست ہو گئی۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ایرینا میں جاری سوا پانچ لاکھ مالیت کی انعامی رقم کی حامل چیمپئن شپ میں دوسرے روزدو سنچری بریک کھیلے گئے پنجاب کے حارث طاہر نے شرجیل خان کے خلاف115 اور اسلام آباد کے عبد الجاوید نے ذوالفقار اے قادر کے خلاف105کا سنچری بریک کھیلا۔سندھ کے سہیل شہزادکو سندھ ہی کے سلطان محمد کے خلاف واک اوور دیا گیا،سلطان محمد نے علالت کے باعث میچ کھیلنے سے تحریری معذرت کی تھی ۔ٹورنامنٹ ڈائرکٹر نوید کپاڈیا کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق پنجاب کے حارث طاہر نے دوسرے روز شرجیل خان کو شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی انہوں نے کے پی کے شرجیل خان کوسخت مقابلے کے بعد4-3سے زیر کیا اورپانچویں فریم میں 115کا بریک بھی کھیلا،ان کی جیت کا فریم اسکور ان کے حق میں 80-51،27-69،61-28،09-66،139-0،32-57اور66-27رہا تھا۔
دیگرکھیلے گئے میچوں میں سندھ کے فضل عمر نے سندھ ہی کے محمد حسنین کو 4-2سے،سندھ کے علی حمزہ نے کے پی کے ریمبل گل کو4-3سے،سندھ کے رضوان ہاشمی نے سندھ ہی کے محمد ساحل کو 4-2سے،سندھ کے عبدالستار نے پنجاب کے فرحان نور کو 4-2سے،سندھ کے علی رضا نے اسلام آباد کے ظفر اقبال کو4-2سے،سندھ کے ذوالفقار اے قادر نے پنجاب کے عبدالرحمان کو 4-2سے،پنجاب کے محمد اعجاز نے کے پی کے فواد خان کو 4-1سے،پنجاب کے بابر مسیح نے بلوچستان کے جہانزیب کو4-0سے،نیشنل بینک کے محمد آصف نے پنجاب کے فرحان نور کو 4-2سے، کے پی کے شاہ خان نے سندھ کے محمد ساحل کو4-1سے،بلوچستان کے زیب خان نے سندھ کے محمد حسنین کو4-3سے،نیشنل بینک کے محمد سجاد نے اسلام آباد کے ظفر اقبال کو4-2سے،سندھ کے علی حمزہ نے بلوچستان کے جہانزیب کو 4-0سے،سندھ کے علی رضا نے بلوچستان کے باسط علی کو4-0سے اوراسلام آباد کے عبدالجاوید نے سندھ کے ذوالفقار اے قادر کو 4-1سے شکست دی۔عبدالجاوید نے پانچویں فریم میں 105کا بریک کھیلا تھا۔