لاہور،17جنوری(اے پی پی):صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ گلوبل فنڈ آئندہ تین سال کے دوران پاکستان کو 281.5 ملین ڈالر کی خصوصی گرانٹ دے گا جس سے پاکستان میں ایڈز،ٹی بی اور ملیریا کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر سے گلوبل فنڈ کنٹری ٹیم اور یو این ڈی پی کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر پنجاب میں ایڈز،ٹی بی اور ملیریا کی روک تھام اور علاج کے لئے گلوبل فنڈ کے تعاون سے جاری پروگراموں کے اہداف اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔آئندہ سالوں کے لئے ضروریات پر بھی مشاورت کی گئی۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب میں صحت کا شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے،نگران حکومت پنجاب کے عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلوبل فنڈ کی جانب سے پاکستان میں ٹی بی،ایڈز اور ملیریا کا مقابلہ کرنے کیلئے 281.5 ملین ڈالر کی خصوصی گرانٹ پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلوبل فنڈ کے تعاون سے پاکستان میں ان امراض پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔اس گرانٹ سے متعدی امراض کی روک تھام،صحت کے نظام کو مربوط بنانے اور ادویات کی فراہمی آسان بنانے کے لئے کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بیماریوں کے اعداد وشمار کے تناظر میں گلوبل فنڈ کے تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران پنجاب میں ٹی بی اور ایڈز کنٹرول پروگرام کی کارکردگی اور مستقبل میں پروگرام کی توسیع اورکپیسٹی بلڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔وفد کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر کے تمام 36 اضلاع میں 45 ایڈز سکریننگ اور کونسلنگ سنٹرز کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پنجاب میں ایچ آئی وی/ ایڈز کے کنٹرول میں یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تعاون کے مشکور ہیں۔گلوبل فنڈ کے وفد نے حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہیلتھ محمد اقبال اور ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل،ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول محمد سہیل اور ڈاکٹر ید اللہ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔