پشاور،17 جنوری(اے پی پی): محکمہ پولیس اور امان جنرل ہسپتال پشاور کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کی روسے امان جنرل ہسپتال پشاور اور خیبر پختوا پولیس، اہلکاروں کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے مل کر کام کریں گے۔
امان جنرل ہسپتال پشاور آرتھو پیڈک، نیوروسرجری، جنرل سرجری، میڈیسن، کارڈیالوجی، پلاسٹک سرجری، گائنی، امراض چشم، یورولوجی، اطفال، فزیوتھراپی اور انسانی غذائیت اور پرہیز سے متعلق خیبر پختونخوا پولیس فورس کے اہلکاروں کو ارزاں خدمات فراہم کرے گی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ویلفیئر نے پولیس کی جانب سے جبکہ امان جنرل ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر نے تقریب میں شرکت کی۔محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو اور امان جنرل ہسپتال کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر گل حیدر نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔اس کے علاوہ خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کو طبی، جراحی اور تشخیصی سہولیات میں رعایت فراہم کرے گی۔ امان جنرل ہسپتال کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں اور عام او پی ڈی فیس میں 50فیصد رعایت فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ جراحی میں سرجن فیس میں 30فیصد ڈسکاﺅنٹ فراہم کرے گی۔ مزید یہ کہ فزیشن/سرجن کے براہ راست مشاہدے کے لیے 50 فیصد رعایت ہوگی۔ اوپی ڈی کے طریقہ کار کے دوران درکار دوا میں بھی 10 فیصد رعایت ہوگی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو نے کہا کہ آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان کے ویژن کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں اور ان کے بچوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں اور آج امان جنرل ہسپتال پشاور کے ساتھ یادداشت پر دستخط کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔