کراچی ،18 جنوری(اے پی پی ): پاک بحریہ ملک کے مجموعی بحری وسائل کی حفاظت کی امین ہے،پاک بحریہ جے ایم آئی سی سی کے توسط سے بحری شعبے سے منسلک ہر ادارے سے پائیدار روابط کی خواہاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور مہمان خصوصی یہاں پاک بحریہ کی مشق سی گارڈ 24 کی اختتامی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دس روز جاری رہنے والی اس مشق کا سمندری مرحلہ 10 سے 13 جنوری تک منعقد کیا گیا۔انسداد بحری قذاقی اور سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو جیسی مشقیں منعقد کی گئیں۔مشقوں میں جے ایم آئی سی سی کے توسط سے سمندر سے منسلک 40 سے زائد اداروں سے تعاون کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔اس موقع پر سی گارڈ کے کامیاب انعقاد پر وائس چیف آف دی نیول اسٹاف نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی اور ان کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔











