اسلام آباد،18 جنوری(اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ مختص کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بین المذاھب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں ۔
مشعال ملک نے ملک میں نفرت اور تعصب کے خاتمے اور محبت، امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کی مشاورتی کمیٹی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ مذاہب کے درمیان ہم آہنگی سے متعلق کمیٹی کا مقصد دنیا بھر میں امن کا پیغام پہنچانا ہے۔