سرگودھا آرٹس کونسل میں دو روزہ نارنگی میلے کا افتتاح

27

سرگودھا،18جنوری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیربرائے ثقافت جمال شاہ نے سرگودھا آرٹس کونسل میں دو روزہ نارنگی میلہ(نیشنل سٹرس فیسٹیول) کا افتتاح کر دیا۔ نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت (این ایچ اینڈ سی) جمال شاہ نے سیکرٹری (این ایچ اینڈ سی) حمیرا احمد،ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (PNCA) ایوب جمالی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ عزیر خان، چیئرمین پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز (PAL) ڈاکٹر نجیبہ عارف، کمشنر سرگودھامحمد اجمل بھٹی کے ہمراہ سرگودھا آرٹس کونسل میں دو روزہ نارنگی میلہ کا افتتاح کیا۔اس موقع پرریجنل پولیس آفیسر شارق کمال صدیقی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)شعیب علی، اور سفارت کار بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیربرائے ثقافت جمال شاہ نے کہا کہ نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن نے حکومت ِپنجاب کے تعاون سے 18 اور 19 جنوری2024ء کو 2 روزہ نیشنل سٹرس فیسٹیول کا انعقاد کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ میلہ نہ صرف کینوکی اقتصادی اور زرعی اہمیت کو ظاہر کرنے بلکہ سماجی ہم آہنگی اور قومی شناخت کے مضبوط احساس کو فروغ دینے کے لیے بھی تیار کیا جائے گا۔جمال شاہ نے کہا کہ نارنگی میلہ کا مقصد پاکستان بھر سے آنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کرنااور مشترکہ ثقافتی تجربات کے ذریعے قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ میلہ کاروباری افراد، کسانوں اور کاریگروں کوکینو سے متعلقہ مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم مہیا کرنااورمعاشی و قومی ترقی کو فروغ دیناہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا مزید کہناتھاکہ اس طرح کے پروگرام سماجی طور پر ہم آہنگ معاشرے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت حمیرا احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میلے کا مقصدکینو کی کاشتکاری کی تکنیکوں، غذائی فوائد اور پائیدار زرعی طریقوں کے بارے میں عوام کو آگاہی دینے کے لیے ورکشاپس، سیمینارز کا انعقاد کرنا ہے۔

 کمشنر سرگودھا  ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے خطبہ استقبالیہ میں سرگودھا میں سٹرس فیسٹیول کے انعقاد پر قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن کی تعریف کی۔اُنہوں نے کہا کہ سرگودھاکینوکی پیداوار کرنے والا ایک بڑا شہر ہے، یہاں کے موزوں موسمی حالات کی بدولت بہترین معیار کے کینو اُگائے جاتے ہیں۔

میلے میں مختلف قسم کے سٹالزجن میں پی این سی اے تھیٹر، نیشنل پرفارمنگ آرٹس گروپ، لوک ورثہ فضل جٹ اور اویس نیازی نے پرفارم کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔