پشاور،19جنوری(اے پی پی): محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے شہر بھر کو غیر معیاری گوشت سپلائی کرنیوالے 4 قصاب گرفتار کر کے انکے خلاف مقدمات درج کرلئے۔
سیکرٹری محکمہ خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ کو کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے شکایت کی گئی تھی کہ پنجاب سے مضر صحت گوشت اور مرغیوں کے پنجروں کو پشاور لا کر مختلف ڈیلرز پر بیچا جاتا ہے جس سے قیمہ تیار کیا جاتا ہے اور اس کو بعد ازاں کباب اور سیخ کباب سمیت شادی ہالوں کو سپلائی کیا جاتا ہے جس پر انہوں نے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
اس سلسلہ میں آج ایک خفیہ اطلاع پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے گھنٹہ گھر سبزی منڈی میں کارروائی کی جہاں پر پنجاب سے لائی جانیوالی 3 ہزار کلو گوشت کو قبضے میں لے کر 4 قصابوں کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔
اس دوران سیکرٹری فوڈ ظریف المعانی اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن نے بھی گوشت کا معائنہ کیا گوشت سے شدید بد بو آنے پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کیا۔
محکمہ خوراک کے افسران کے مطابق مضر صحت گوشت کو شہر کے مختلف ہوٹلوں اور شادی ہالز کو سپلائی کیا جاتا ہے۔ کے پی حلال فوڈ اتھارٹی نے گوشت کو مضر صحت قرار دیکر موقع پر ڈائریکٹر اسد علی کی نگرانی میں گوشت کو تلف کردیا گیا۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری مضر صحت اشیائے خوردونوش سے متعلق محکمہ خوراک کے افسران کو آگاہ کریں ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں کسی کو مضر صحت اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت نہیں کرنے دینگے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔











