معاشی اصولوں پر عمل کرنا ملکی معیشت کی بہتری کے لیے بنیادی کردار ادا کرتا ہے؛ احمد زبیری

28

 

 

اسلام آباد،20 جنوری (اے پی پی ): سابق چیف اکانومسٹ پلاننگ کمیشن آف پاکستان احمد زبیری نے کہا ہے کہ معاشی اصولوں پر عمل کرنا ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام برآمدات پر منحصر معیشت اورچائنہ کی780 ارب ڈالر کی غیر توانائی پراڈکٹس پر محیط درآمدی مارکیٹ تک رسائی کے موضوع پر گفتگو  کے دوران کیا۔اجلاس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری سمیت دیگر عہدیدار و ایگزیکٹو ممبران نے حصہ لیا۔

ممبران سے ملک معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے احمد زبیری کا کہنا تھا کہ مینوفیکچرنگ اور سروسز سے ملکی برآمدات میں ترقی ممکن ہے، ہماری آئی ٹی کی برآمدات 2 ارب اور ہمارے ہمسایہ ممالک 200 ارب تک پہنچ چکے ہیں۔

چائنہ، انڈیا اور ویتنام کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پروڈکٹ ویٹی گروتھ   کو بڑھانا ، اپنی پیداوار میں جدت اور لاگت میں کمی لانے سے ہی بین الااقوامی مارکیٹ میں رسائی ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا 1970 والے معاشی مسائل آج بھی وہیں کھڑے ہیں، معاشی و سیاسی استحکام ہی صنعتی ترقی میں جدت کا ذریعہ ہے۔