لاہور؛وزیراعلیٰ محسن نقوی کاقربان لائنز کا دورہ، پولیس کی رہائش گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کاجائزہ لیا

30

لاہور،21جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محسن نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ قربان لائنز کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی وزراء نے قربان لائنز میں پولیس کی رہائش گاہوں کی تعمیر کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کاجائزہ لیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے وزیراعلی پنجاب کو آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ قربان لائنز میں پولیس کیلئے 6منزلہ عمارت میں 24اپارٹمنٹس بنائے جارہے ہیں۔ اپارٹمنٹس میں دو لفٹ بھی لگائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رہائش گاہوں میں جاری کاموں کا معائنہ کیا اور رہائش گاہوں کے فنشنگ ورک کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ فنشنگ ورک میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔ پولیس کے لئے بہترین رہائش گاہیں بنائی جارہی ہیں۔ 31جنوری سے قبل اپارٹمنٹس کے3فلور مکمل کرکے پولیس افسروں کو الاٹ کردئیے جائیں گے۔