لاہور،22 جنوری(اے پی پی): ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے برآمدی مصنوعات بنانے والوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیسرے سالانہ انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو کا انعقاد کیا،مختلف شعبہ جات میں300 سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کیں جس میں فرنیچر،کھیلوں کا سامان، فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات،انجینئرنگ آلات اور آٹو سیکٹر شامل ہیں۔
شو میں 60 ممالک کے 400 سے زائد وفود نے شرکت کی اور پاکستان مصنوعات کے معیار کی نہ صرف تعریف کی بلکہ پاکستان کے مصنوعات کو خریدنے میں بھی بہت دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
وفود کے ارکان کا کہنا تھا کہ ایسی نمائش کے انعقاد سے نہ صرف شو میں شرکت کرنے والوں کو فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان اور چائنہ کے لوگوں کے تعلقات میں مزید مضبوطی بھی آئے گی، ہمیں ایسی نمائشوں کا انعقاد زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیے۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ اس نمائش میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی معدنیات کو ایک چھک تلے اکٹھا کیا گیا ہے جو اس سے پہلے کبھی مارکیٹ نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہےاور اگلے دس سال میں حکومت کا معیشت کے حجم کو دس گنا بڑھانے کا ٹارگٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ اور ہیلتھ کیئر شو بیرون ممالک اور مقامی تاجروں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے تاکہ وہ یہاں آ کر خود پاکستانی مصنوعات کے معیار کو چیک کر سکیں۔
شو میں پاکستان کی بہترین کمپنیوں نے عالمی معیار کی مصنوعات پیش کئیں تا کہ عالمی مارکیٹ سے اس کے بہت اچھے نتائج آئیں۔ انجینئرنگ اور ہیلتھ کیئر شو کا مقصد بیرون ممالک اور مقامی تاجروں کو نا صرف ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے بلکہ پاکستان کا بہتر سافٹ امیج دنیا کے سامنے لانا بھی ہے جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکے۔