خواتین کی اقتصادی، سماجی، معاشرتی ترقی ہی ملک و قوم کی ترقی کی ضامن ہے؛ گورنر خیبرپختونخوا

22

 

پشاور، 22جنوری(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ خواتین کی اقتصادی، سماجی، معاشرتی ترقی ہی ملک و قوم کی ترقی کی ضامن ہے،اسلام میں خواتین کا عزت و مرتبہ اور وقار بہت بلند ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو  نجی  ہوٹل میں قومی کمیشن برائے وقار نسواں کے زیر اہتمام تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ اسلام نے خواتین کی وراثت کا حق ایسے محفوظ کیا ہے جو تاقیامت کوئی تبدیل نہیں کر سکتا،اسلام نے خواتین کو زمانہ جاہلیت سے نجات دلاکر وہ تمام بنیادی انسانی حقوق 14 سوسال قبل عطاء کیے جن کے حصول کیلئے مغربی معاشرے میں خواتین کو بیسویں صدی تک ایک طویل جدوجہد کرنا پڑی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ روز اول سے اسلام نے عورت کے مذہبی، سماجی، معاشرتی، قانونی،آئینی، سیاسی اور انتظامی کردار کا نہ صرف اعتراف کیا ہے بلکہ خواتین کے جملہ حقوق کی ضمانت بھی فراہم کی۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک المیہ ہے کہ آج مغربی اہل علم جب بھی عورت کے حقوق کی تاریخ مرتب کرتے ہیں تو اس باب میں اسلام کی تاریخی خدمات اور بے مثال کردار کو نظر انداز کرتے ہیں۔

تقریب میں چیئرپرسن قومی کمیشن برائے وقار نسواں سینیٹر نیلو بختیار، یواین ایف پی اے خیبرپختونخوا کی ہیڈماہ جبین قاضی، سیکرٹری روبین حیدر،یواین ویمن نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن زینب قیصر، ڈاکٹر سارہ صفدر سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 نیلو فر بختیار نے اپنے خطاب میں گورنر کو بتایا کہ کمیشن خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں میں خواتین کی معاشی، تعلیمی ترقی و خودمختاری سے متعلق مشاورتی تقریبات منعقد کر رہا ہے اور مشاورتی عمل کے شرکاء کیجانب سے حقیقت پر مبنی سفارشات کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے حقوق نسواں کے 68ویں اجلاس میں رپورٹ کی شکل میں پیش کی جائیں گی۔