نگران وفاقی وزیر مواصلات کا انتخابات 2024 کیلئے وزارت داخلہ کے تحت قائم کنٹرول روم کا دورہ

43

اسلام آباد،23 جنوری(اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے آئندہ عام انتخابات 2024 کیلئے وزارت داخلہ کے تحت قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔اس موقع پر سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی بھی موجود تھے۔

وزیر مواصلات عام انتخابات کی سکیورٹی اور انتظامی امور کیلئے وزیر اعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔ کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان نے کنٹرول روم سے متعلق وفاقی وزیر مواصلات کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

کنٹرول روم کے ذریعے ملک میں انتخابات کے دوران سیکیورٹی  اور امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کی جائےگی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑنے کہا کہ آئین کے تحت ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کی بنیادی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

 وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑنے کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی  اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں گے، کنٹرول روم  کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، تاکہ امن وامان کی صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز سے براہ راست رابطہ قائم رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں بھر پور جوابی کارروائی عمل میں لائی جائے۔