فیصل آباد؛ وفاقی محتسب و ٹریفک قوانین سے آ گاہی بارے سیشن کا انعقاد

16

فیصل آباد  24  جنوری  (اے پی پی):وفاقی محتسب آفس، سٹی ٹریفک پولیس اورسیلانی ویلفیئر ٹرسٹ فیصل آباد کے زیر اہتمام وفاقی محتسب و ٹریفک قوانین سے آ گاہی بارے سیشن 2024 کا انعقاد کیا گیاجس میں ایڈوائزر انچارج ریجنل محتسب فیصل آباد شاہد حسین جیلانی،چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون،اسسٹنٹ رجسٹرار ریجنل محتسب یاسر شبیر ملک،سٹی ٹریفک پولیس ایجوکیشن یونٹ کے ڈاکٹر مبشرباجوہ،سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ فیصل آباد کے جی ایم صفدرقادری،ڈپٹی منیجر عمر عارف اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل محتسب فیصل آباد شاہد حسین جیلانی نے تمام شرکاکو وفاقی محتسب کے ادارہ کے فرائض و امور اور خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اکتا لیس سال قبل 1983میں اسی روزوفاقی محتسب کے ادارہ کا قیام عمل میں آ یا تب سب سے پہلے اسلا م آباد میں اس کا صدر دفتر قا ئم کیا گیااور بعد ازاں چا روں صوبائی دارالحکو متوں میں بھی اس کے علا قا ئی دفا تر قا ئم کئے گئے جبکہ آج وفاقی محتسب کے فیصل آباد سمیت ملک بھر میں 22 علا قا ئی دفا تر اور شکا یات سنٹرز کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ41سال کے اس سفر کے دوران وفاقی محتسب کا ادارہ21 لا کھ سے زائد شکا یات کاا زالہ کر چکا ہے۔

شاہد حسین جیلانی نے مزید بتایا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ گزشتہ 41 سالوں سے وفاقی سرکاری اداروں کے خلاف کسی بھی شکایت کے حل کے لیے مفت اور فوری انصاف فراہم کرتا آ رہا ہے اور یہاں آنے والے سائلین کو نہ تو وکیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی عدالت میں جانے کی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب ریجنل آفس 30 سے 40 دن کے قلیل عرصہ میں ون ونڈو کی طرح معاملات کو حل کرتے ہوئے انصاف فراہم کرتا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او فیصل آباد مقصود احمد لون نے کہا کہ ہمارا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ بائیک چلانے والوں کو ہیلمٹ کے استعمال کا عادی بنانا ہوتا ہے تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے لہٰذا اس سلسلہ میں تاجر، وکلا،اساتذہ، طلبہ اور دیگر سول سوسائٹی اس مہم کا حصہ بنیں۔

تقریب سے خطاب میں شیخ عرفان ٹرسٹی سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ نے کہا کہ ہم مل کر سارے مسائل حل کریں گے، یہاں موجود بچوں سے گزارش ہے کہ سیلانی آپ کو جو علم دے رہا ہے کل آپ بھی آگے پڑھائیں، سیکھنے کے بعد سکھائیں اور علم آگے بڑھائیں یہ صدقہ جاریہ ہے۔

 ٹریفک قوانین آگاہی سیشن2024 میں ایجوکیشن یونٹ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ڈاکٹر مبشر باجوہ نے شرکا و طلبا کی کثیر تعداد کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ میں آئی ٹی کے شعبہ میں جو پروگرام کروائے جا رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سڑک پر چلتے ہوئے چھوٹی چھوٹی غلطیاں اور غفلت نہیں برتنی چاہیے جو کہ بڑے حادثات کو جنم دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں ذکر ہے کہ بہتر انسان وہ ہے جو دوسروں کیلئے فائدہ مند ہو۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی لاپرواہیاں و عجلت دوسروں کے لیے وبال بنتی ہیں اسلئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شیخ سعدی کے مطابق معماراگر پہلی اینٹ ٹیڑھی رکھ دے تو ساری بلڈنگ ٹیڑھی ہو جاتی ہے۔

ڈاکٹر مبشر نے مزید کہا کہ ہر سال ایک اعشاریہ تین ملین ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں جبکہ پاکستان میں 15 ہزار کے قریب اموات ٹریفک حادثات کے باعث ہوتی ہیں لہٰذا خصوصی طور پر11 سے 20 سال کی عمر کے افراد یا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کا شعور حاصل کرتے ہوئے آگاہی حاصل کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی اور دوسروں کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنائیں کیونکہ کہا جاتا ہے کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔