اسلام آباد،04 جنوری (اے پی پی ):نگران وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ بچیوں کو کسی صورت کھیل سے دور رکھنا نہیں چاہیے بلکہ زندگی کے ہر میدان میں ان کو یکساں مواقع دیے جانے چاہیئے۔لڑکیوں میں اتنی قابلیت ہے کہ مردوں سے بہتر کام کر سکتی ہیں اسی لیے لڑکیوں کوکبھی اپنے حق سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے۔
قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی ‘امپاور ہر’ مہم فائنل فُٹسال میچوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرز کی سرگرمیوں سے ملکی سطح پر لڑکیوں کو اپنا ٹیلینٹ ابھارنے کا موقع ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ چار سال ہوگئے لیکن فٹبال کے الیکشن نہیں ہو سکے، وزارت سنبھالتے ہی پہلا کام کیا جو کہ تفصیلی خط لکھا ہے جس میں اس کا ذکر کیا گیا کہ فیفا کی نر ملائزیشن کمیٹی چار سال سے الیکشن نہیں کروا سکے جس کا انکو مینڈیٹ دیا گیا تھا۔خط میں اس بات پر ذوردیا کہ جلد از جلد ایک کمیشن بنایا جائے اور فٹبال کے معاملات کو دیکھا جائے۔
امپاور ہر’ فٹسال ٹورنامنٹ کراچی یونائیٹڈ کی ٹیم نے اپنے نام کیا۔ کراچی یونائیٹڈ نے ہزارہ کی ٹیم کو 0-1 سے شکست دی۔اس ٹورنامنٹ کا انعقاد نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر ) نے چار ماہ سے جاری اپنے طویل اقدام “امپاور ہر ” کے سلسلے میں کیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں کھیلوں میں لڑکیوں کی شرکت کو فروغ دینا ہے۔اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں کراچی یونائیٹڈ نے چترال کی ٹیم کو 0-6 سے شکست دی تھی۔
24 جنوری 2024 کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے آؤٹ ڈور فٹ بال گراؤنڈ میں ہونے والے فائنل میچوں میں کراچی، کوئٹہ اور چترال کی ٹیمیں شریک تھیں۔