لاہور،24جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مصطفی آباد قصور میں اخوت کالج و یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کیا۔ بانی سربراہ اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب نے ادارے کی کارکردگی کے بارے بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے فیکلٹی ممبران کا تعارف کرایا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے لیکچر روم، لائبریری،ایمانداری شاپ،کچن، مسجد اور دیگر شعبوں کو دیکھااور لان میں پودا بھی لگایا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اخوت کالج و یونیورسٹی کی مسجد میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں،آپ کسی بھی صوبے یا شہر سے ہوں لیکن ملک کی ترقی کے لئے اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔انشا اللہ پاکستان نے ترقی کرنی ہی کرنی ہے،یہ ملک آگے ضرور بڑھے گا۔ وطن عزیز میں بے پناہ وسائل ہیں۔ گزشتہ چند ماہ سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ مایوسی پھیلانا گناہ ہے اوراگر ہم سب کاایک ہی مقصد ہوکہ اس ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے تو ملک ضرور ترقی کرے گا۔طلبا نے تعلیم مکمل کر کے عملی زندگی میں جانا ہے، تعلیم پر توجہ ضرور دیں، ساتھ ساتھ دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں۔عملی زندگی میں تعلیم کے ساتھ لوگوں سے اچھا سلوک بھی کام آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو لوگوں کے ساتھ پیار، محبت اور احترام سے پیش آنا چاہیے۔پڑھائی ضرور کرنی ہے لیکن پڑھائی کے ساتھ دوسروں کاخیال رکھنا اور پیار سے پیش آنا بھی ضروری ہے۔ عموما ًکالجز یونیورسٹیز میں روز مرہ امورسے متعلق تعلیم نہیں دی جاتی،ایسے معاملات کے بارے میں جاننا طلبہ کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ اخوت یونیورسٹی اور اس کے انتظام کار کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ جس طریقے سے اخوت یونیورسٹی کانظام چلایا جارہاہے باعث مسرت ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب کے زیر انتظام اخوت یونیورسٹی ایک کامیاب پراجیکٹ ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے اخوت کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے دل سے کام کیاہے۔ان کی نیت صاف ہے اور یہی ان کی کامیابی ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب اور اخوت کے لئے ہر وقت حاضر ہیں۔