اسلام آباد،24 جنوری(اے پی پی ): نگران وفاقی وزیربرائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق ڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک نے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں زرعی انقلاب کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے،گلگت بلتستان کی مٹی زراعت،اجناس وخوش میوہ جات کے حوالے سے عدیم المثال استعدادکی مالک ہے۔
گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ گلبرخان سے ملاقات کے دوران ڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو اب بھی سو فیصدلوکل گندم فراہم کرہی ہے اوراگلے سال بھی مزیداضافے کے ساتھ لوکل گندم فراہم کی جائیگی۔
اس موقع پرگلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ گلبرخان نے وفاقی کی حکومت کی جانب سے گندم کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کوسراہتے ہوئے شکریہ اداکیا۔
وفاقی وزیرڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک نے کہاکہ پاکستان ایگری کلچرریسرچ کاونسل کواحکامات جلدازجلدجاری کروں گاکہ گلگت بلتستان کے زرعی صلاحیت کومزیدبڑھانے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دید ی جائے تاکہ مستقبل میں گلگت بلتستان زراعت میں خودکفیل ہوجائے۔انہوں نے گلگت بلتستان حکومت گندم کی فراہمی اورترسیل جس میں گلگت بلتستان کوفائدہ ہو کے حوالے سے تجویز تیارکی جائے جس پرسنجیدگی سے غور کیاجائیگا۔