بی آئی ایس پی 93 لاکھ ضرورت مند گھرانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے؛ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب

39

 

اسلام آباد ،26 جنوری (اے پی پی ):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی 93 لاکھ ضرورت مند گھرانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا  پروگرام ہے جو ضرورت مند خواتین کی  عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے معاشی طور پر بااختیار بنانے کے کلچر کو فروغ  دے رہا ہے۔

بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والے  عالمی بینک کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب  نے  فنی مہارت اور مائیکرفنانس کے ذریعے غریب گھرانوں کو  غربت سے باہر نکالنے کی حکمت عملی پر زور دیا اور کہا کہ بی آئی ایس پی بچت سکیم کے ذریعے صارفین میں بچت کا رجحان پیدا کیا جارہا ہے جبکہ ضرورت مند گھرانوں کی مشکلات کے حل کیلئے نیا بینکنگ نظام بھی  متعارف کرایا جارہا ہے۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا  کہ عالمی بینک سمیت تمام ترقیاتی اداروں کے تعاون سے بی آئی ایس پی نے 15 سال کے عرصے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

عالمی بینک کی جانب سے  گل نجم جامی کنسلٹنٹ عالمی بینک ، زینب اکانومسٹ ،  آمنہ خان سوشل پروٹیکشن سپیشلسٹ کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد طاہر نور، ڈی جی این ایس سی آر ، ڈی جی فنانس ، ڈی جی او ایم، ڈی جی میڈیا،  ڈی جی انٹرنل آڈیٹ ، ڈائریکٹر  انٹرنیشنل کوپریشن اور ڈائریکٹر پروکیورمنٹ  نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔

سینئر سوشل پروٹیکشن اسپیشلسٹ امجد ظفر خان کی سربراہی میں عالمی بینک کا وفد( 22 جنوری تا 26 جنوری)  بی آئی ایس پی کے پانچ روزہ دورے پر تھا ،دورےکا مقصد ہنگامی حالات میں مددگار سماجی تحفظ پروگرام (CRISP)پر عملدرآمد کے حوالے سے نتائج و سفارشات کو پیش کرنا تھا ۔وفدنے مظفر آباد میں قائم  نشوونمامراکز کا دورہ بھی کیا اور بی آئی ایس پی کو  دیگر ممالک کیلئے ایک مثالی ادارہ قرار دیا۔

امجد ظفر خان نے بی آئی ایس پی بچت سکیم کے اقدام کو سراہا اور(CRISP)کے تحت بی آئی ایس پی کے تمام اقدامات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا  کہ بی آئی ایس پی نے کفالت ، نشوونما ، تعلیمی وظائف پروگرام میں مقررہ اہداف حاصل کئے ہیں۔