کراچی، 27 جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں بیماریوں پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر وقت کی اہم ضرورت ہیں۔انڈس ہسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک میں بلڈ بینک کے قیام اور بلڈ بینکنگ میں ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف بلڈ اینڈ بائیو تھراپیز (اے اے پی پی)سے اس کی منظوری کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سنگ میل محفوظ انتقال خون کی مدد سے بیماریوں سے بچاؤمیں مددگار ثابت ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ایکریڈیٹیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن میں غذائی قلت، موٹاپا، دماغی صحت اور چھاتی کا کینسر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ملک میں محفوظ خون کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے ڈونرز پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں۔
صدرمملکت نے کہا کہ لوگ اپنے اعضا عطیہ کرنے سے گریز کرتے ہیں اور اس (صحیح)سمت میں جانے کے لیے اس قسم کے کلچر کو تبدیل کرنا ہوگا۔انہوں نے ڈاکٹروں اور صحت کے پیشہ ور افراد کو صحت کے بہترین نظام کے لیے سیاست میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک نے کوویڈکے وقت اور پولیو مہم میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ملک نے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیٹا اور معلومات اکٹھا کرنا سیکھا۔سکول نہ جانے والے بچوں کے مسئلے پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو کروڑ 62ہزار بچے جو کہ 44فیصد بنتے ہیں، سکول نہیں جا رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ علمائے کرام کی مدد سے مساجد کو تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
انڈس ہسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ ہسپتال نے ایک سنگ میل عبور کیا ہے اور وہ اے اے بی بی کی منظوری کا جشن منا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈس ہسپتال ملک کا پہلا ہسپتال ہے جس نے اس سطح کی منظوری حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے صدر مملکت کو ملک میں انڈس ہسپتال کے نیٹ ورک کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ، انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ اب تک تیس لاکھ مریضوں کو محفوظ خون فراہم کیا جا چکا ہے۔قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ اور مخیر حضرات کو سراہا۔