پشاور، 29جنوری(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے پیر کو گورنر سیکرٹریٹ پشاور کی ویب سائٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔گورنر سیکرٹریٹ پشاور کی ویب سائٹ (http://governor.kp.gov.pk)پر گورنر خیبرپختونخوا اور گورنر سیکرٹریٹ کے روزمرہ کے سرکاری امور تک عوام کو رسائی حاصل ہو گی۔گورنر سیکرٹریٹ کے تمام امور ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہوں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ گورنر سیکرٹریٹ ویب سائٹ کا اجراجدت کی جانب سفر کا آغاز ہے،جس کا مقصد عوام کو گورنر سیکرٹریٹ کے امور تک آن لائن رسائی فراہم کرنا ہے۔
گورنر سیکرٹریٹ کی ویب سائٹ پر یونیورسٹی ملازمین انتظامی فیصلوں سے متعلق آن لائن اپیل کر سکیں گے۔یونیورسٹی ملازمین کی آن لائین اپیل سے متعلق آرڈر بھی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے،عوام کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید طرز پر معلومات میسر ہونی چاہیئں ، آج دنیا میں کوئی بھی شعبہ ایسا نہیں جو ٹیکنالوجی سے منسلک نہ ہواور اس میں ڈیجیٹیلائزیشن کے ذریعے فائدہ نہ اٹھایا جا رہا ہو۔انہوں نے کہا کہ سرکاری خدمات اور اداروں کوڈیجیٹلائز کرکے عوامی خدمات کی فراہمی قابل تحسین ہے۔
افتتاحی تقریب میں نگران وزیر تعلیم خیبر پختونخوا ڈاکٹر قاسم جان، سیکرٹری آئی ٹی بورڈ محمد علی شاہ،پشاور یونیورسٹی، خیبر میڈیکل یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹر آئی ایم سائینز ڈاکٹر عثمان غنی، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہر ارشاد، ایڈیشنل سیکرٹری گورنر زبیر ارشد، ڈپٹی سیکرٹری گورنر صدیق جان سمیت آئی بورڈ خیبرپختونخوا کے افسران اور متعقہ افراد نے شرکت کی۔