لاہور،29جنوری (اے پی پی): امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے پیر کو مغل بادشاہ نورالدین محمد جہانگیر کے مقبرہ کا دورہ کیا اور 17ویں صدی کے فن تعمیر کے شاہکار کو سراہا۔ اینڈریو شوفر کے ساتھ لاہور میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز اور پبلک افیئر آفیسر کارل راجرز بھی تھے۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے حکام کی جانب سے پرتپاک استقبال کے بعد اینڈریو شوفر کو مقبرے کے ایک مینار سے وسیع و عریض باغات اور آصف خان کے ملحقہ مقبرے کا نظارہ بھی کرایا گیا۔ اینڈریو شوفر نے مغل فن تعمیر میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور انہیں سنگ مرمر کے نقشوں سے جڑے سرخ ریت کے پتھر کے بارے میں بتایا گیا جو اصل حالت میں محفوظ تھے۔ شہنشاہ جہانگیر کے مقبرے پر جاتے ہوئے سفارت کار کو گول آرکیڈز اور مقبرے پر دیدہ زیب سنگ مرمر دکھایا گیا۔ انہیں 500 سالہ دھاتی گیٹ بھی دکھایا گیا جو اصل حالت میں محفوظ ہے۔
اینڈریو شوفر نے اپنے تاثرات میں پاکستان کے ثقافتی ورثے کی تعریف کی ۔ بعد ازاں معزز مہمان کو ڈبلیو سی ایل اے کی جانب سے یادگاری تحائف پیش کئے گئے۔