نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر 5 شہروں کے سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹیزکے ساتھ منسلک کردیا گیا

15

 

لاہور،30جنوری(اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر 5 شہروں کے سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹیزکے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر قربان لائنزکا دورہ کیا اور سیف سٹیز کی ویڈیو وال سے راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں لگائے گئے کیمروں کی مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔

 وزیراعلی نے تجرباتی طور پر تینوں اضلاع کے 200 سے زائد کیمروں کی لائیو مانیٹرنگ کا مشاہدہ کیا  اور سیف سٹی وال پر چلڈرن ہسپتال لاہور کے کیمروں، قصور اور ننکانہ صاحب میں نصب کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے جدید نظام کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی کے متعارف کردہ سینٹرلائیزڈ وائرلیس موبائل سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔ جدید سسٹم سے پنجاب بھر میں تمام پولیس افسران و اہلکاروں کی لائیو لوکیشن دیکھی جا سکتی ہے۔ پنجاب بھر میں موجود پولیس افسران ایپ کے ذریعے ویڈیو سرویلنس اور ویڈیو کانفرنس کر سکیں گے۔

 وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اس اقدام کی تعریف کی۔ بریفنگ میں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کے 21 اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے۔راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سیف سٹی منصوبوں کا افتتاح چند روز میں کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت راولپنڈی میں 1886 کیمرے، گوجرانوالہ میں 1685 اور فیصل آباد میں 1430 کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب اور ایم ڈی سیف سٹی نے اس موقع پر جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ جرائم کے حوالے سے خفیہ اطلاع دینے کیلئے متعارف کرائی گئی کرائم سٹاپرز سروس بارے بریفنگ دی گئی۔ سیف سٹی کیمرے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کا تعین کر رہے ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایم ڈی سیف سٹی محمد احسن یونس اور متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔