پاکستان میں یوم یکجہتیِ کشمیر کو بھرپور انداز میں منایا جاتا ہےجس سے کشمیری عوام کے حوصلے مزید بلند ہوتے ہیں،امتیاز وانی

11

اسلام آباد ، 31 جنوری (اے پی پی):سیکریٹری انفارمیشن کل جماعتی حریت کانفرنس  امتیاز وانی کا کہا ہے کہ پاکستان میں یوم یکجہتیِ کشمیر کو بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر کی عوام میں تحریک آزادی کی نئی روح بیدار ہوتی ہے اور کشمیری عوام کے حوصلے مزید بلند ہوتے ہیں۔

 امتیاز وانی نے بدھ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کا کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں  بھارتی اشتعال انگیزی و مظالم نےتمام حدیں پار کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر وقت کرفیو نافذ ہے ، میڈیا پر پابندی عائد ہے اور رہنماؤں کو جیل میں ڈالا گیا ہے تا کہ ان کی آواز کو دبایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان سے آواز جاتی ہے تو وہاں کی عوام اور  رہنماؤں کا حوصلہ مزید بلند ہوتا ہے۔

 امتیاز وانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کے حقوق کے لیے اقوامِ متحدہ اور ہر سطح کے انسانی حقوق کے پلیٹ فارموں  پر آواز اٹھائی جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 1948 کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا ان کا بنیادی حق ہے جس سے آج تک ان کو محروم رکھا گیا ہے۔