لاہور، یکم فروری(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 25-2024 کی تیاری کے سلسلے میں محکموں کیلئے ٹائم لائنز جاری کی گئیں۔
چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کوپہلا ڈرافٹ 15فروری تک محکمہ پی اینڈ ڈی بھجوانے کی ہدایت دی اور محکموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے ترجیحات طے کرنے کا حکم بھی دیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں تیار کرتے وقت صرف مفاد عامہ کو مد نظر رکھا جائے۔ انھوں نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران صوبے کے مالیاتی نظم، گورننس کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے۔ بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت صوبہ پنجاب نے 500ارب روپے کا قرضہ ادا کیا اور ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کے بروقت اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا گیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ نئے منصوبے شروع کرنے کی بجائے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی گئی اس کے علاوہ صوبہ بھر میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، 134سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام قلیل مدت میں مکمل کیا گیا۔ دیہاتوں میں شہروں کی طرز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ”اب گاؤں چمکیں گے پروگرام”شروع کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ان اقدامات کا تسلسل بر قرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
چیف سیکرٹری نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 12 پراجیکٹ ڈائریکٹرز میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔ سمیعہ سلیم، علی شہزاد، حمزہ سالک، اسد اللہ، احسن سلیم، ملک محمد اکرم، اعجاز کاشف، حمزہ عباسی کو سر ٹیفیکیٹس دیئے گئے۔ محمد صغیر، زاہد عزیز، اسد خالد، علی جلال کو سر ٹیفیکیٹس سے نوازاگیا۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ افتخار سہو نے اجلاس کو سالانہ ترقیاتی پروگرام بارے گائیڈ لائنز سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔











