اسلام آباد،4فروری (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرکشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیاجائے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو آباد کاری کے اقدامات اٹھارہا ہے، اقوام متحدہ کی زیر نگرانی کشمیر میں مردم شماری کا مطالبہ کریں گے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے رہنماؤں غلام محمد صفی، محمود احمد ساغر، فاروق رحمانی اور دیگر کے ہمراہ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے یوم یکجہتی کشمیر اور دیگر کشمیر سے متعلق ایام کو بھرپور انداز میں منانے پر وزارت امور کشمیر، وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات کے بھرپور کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی آواز دبا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مذہبی مقامات کو ہندوتوا میں تبدیل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس ایک دہشت گرد تنظیم ہے ، پاکستان میں را دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت میں فاشزم بڑھتا جارہا ہے، اس پر پابندیاں لگانی چاہیں ، بھارت کی جانب سے کینیڈا ، پاکستان اور آزاد کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔
مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کی آبادکاری کے اقدامات کررہا ہے، مسلمانوں کے مذہبی مقامات کو شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے تحت ایک مشاورتی کمیٹی بنائی ہے جس میں حریت کانفرنس سے تمام فریقین، سول سوسائٹی، وکلا اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اہم شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہ ہمارا مشترکہ مقصد ہے کہ آرایس ایس کی دہشت گردی کو عالمی سطح پر بےنقاب کرکے اس پر پابندی لگوائی جائے۔عالمی قانون کے مطابق بھارت جو نسل کشی کررہا ہے وہ اسرائیل سے مطابقت رکھتا ہے بلکہ اس سے زیادہ ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی تنظیموں،اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے نمائندے،صحافی نہیں جاسکتے وہاں سے کوئی انفارمیشن باہر نہیں آنے دی جارہی۔ مقبوضہ کشمیرسے نسل کشی کی کوئی فوٹیج باہر نہیں آسکتی۔ ہم اس پر کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہیں، فوجی انخلا اور ہتھیاروں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، دنیا میں فلسطین میں نسل کشی کی طرح کشمیر میں نسل کشی کو بھی بے نقاب کیاجائے۔دنیا میں فلسطین کے حق کے لئےحمایت بہت بڑھ گئی ہے ۔
حریت رہنما غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ پانچ فروری کا یوم یکجہتی کا اعلان سید علی گیلانی نے کیا ، حکومت پاکستان نے اس اعلان کی تائید کی ، اب پوری دنیا میں کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی منایا جاتا ہے ، یوم یکجہتی اب عالمی ایونٹ بن چکا ہے ، ہم حکومت پاکستان اور عوام کا بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
حریت رہنما محمود احمد ساغر نے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں میڈیا اور غیر ملکی مبصرین کو کشمیر تک رسائی دے، کشمیریوں نے نہ کبھی سرینڈر کیا ہے نہ کریں گے ،دنیا کشمیر میں استصواب رائے کے حوالے سے کردار ادا کرے ،کشمیر میں پرامن تحریک کو کمزوری نہ سمجھاجائے۔











