انتخابات 2024؛ منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات 12بجے سےانتخابی مہم کا وقت ختم

28

اسلام آباد،6فروری(اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں  اور سیاسی جماعتوں کی توجہ مبذول کرائی ہے کہ وہ  منگل اور بدھ کی درمیانی شب  رات 12بجے سے قبل اپنی انتخابی  مہم ختم کر دیں۔

الیکشنزایکٹ  کی سیکشن 182 کے مطابق آج 6 فروری  کی شب  12 بجے کے بعد کوئی بھی شخص  کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد  کرے گا اور نہ ہی اس میں  شرکت کرے گا۔ کوئی بھی شخص  جو قانون کی مذکورہ  بالاشق کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مذکورہ بالا وقت کے بعد الیکشن کمپین ، اشتہارات  و دیگر تحریری مواد   کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیاپر تشہیر  پر پابندی  ہے جس سے کسی خاص سیاسی  پارٹی یاامیدوار کی حمایت یا مخالفت  کا شبہ ہو ۔ اس کے علاوہ انتخابی  عمل کے انعقاد تک میڈیاپرہر قسم کے پول سروے   پربھی پابندی   ہو گی۔