سیالکوٹ ،07 فروری (اے پی پی) :الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع سیالکوٹ میں انتخابی سامان کی تقسیم ترسیل شروع کر دی ہے۔ سامان کو ابتدائی طور پر مقررہ جگہوں پر پہنچا دیا گیا ہے۔عام انتخابات کی تیاری کے آخری مراحل میں ضلعی ریٹرننگ افسران کو پولنگ کا سامان پہنچانا شامل ہے۔ انتخابی سامان کی مقررہ مقامات پر ترسیل کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے 5 اور صوبائی اسمبلی کے 10 حلقوں میں خواتین اور مرد ووٹرز کے لیے 1,809 پولنگ سٹیشنز اور 4,477 بوتھ قائم کئے ہیں۔ ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے پانچوں حلقوں (این اے ۔70، این اے ۔71، این اے ۔72، این اے۔73، این اے ۔ 74) اور صوبائی اسمبلی کے 10 حلقوں(پی پی ۔44، پی پی ۔45،پی پی ۔46،پی پی ۔47،پی پی ۔48،پی پی ۔49،پی پی ۔50،پی پی ۔51،پی پی ۔52،پی پی ۔53)کے لیے کل 27,96,244 رجسٹرڈ ووٹرز (بشمول 15,03,792 مرد ووٹرز اور 12,92,452 خواتین ووٹرز) ہیں۔