پشاور کے معذور افراد بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشنز پہنچ گئے

46

فروری(اے پی پی): ملک بھر میں عام انتخابات کے پیش نظر پشاور میں دیگر افراد کے ساتھ ساتھ معذور افراد بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشنز پہنچ گئے۔

پشاور میں عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں مختلف مقامات پر سکول اور کالجز میں پولنگ جاری ہے۔ ایسی صورتحال میں انتہائی عمر رسیدہ اور بزرگ شہریوں نے بھی گھروں سے نکل کر عوام کو قومی ذمہ داری نبھانے کا پیغام دیا ہے۔پشاور کے علاقہ بڈھ بیر، چمکنی اور نوتھیہ کے پولنگ اسٹیشنز پر متعدد معذور و عمر رسیدہ افراد دیکھے گئے۔

پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں بیساکھیوں پر چلتا ٹانگوں سے معذور شخص ووٹ ڈالنے آیا اور پولنگ عملے کی مدد سے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ایک بزرگ کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد سے ملک میں جتنے بھی الیکشن ہوئے ہیں انہوں نے تمام انتخابات میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا ہے۔

چمکنی میں ایک معذور بزرگ شہری اپنا ووٹ ڈالنے آئے اور دیگر ووٹرز کو پیغام دیا کہ جب میں آسکتا ہوں تو باقی شہریوں کو بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشز پر آنا چاہیے۔