اسلام آباد،08 فروری(اے پی پی ): پاکستان کے بارہویں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے ۔ ملک بھر میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔اسلام آباد کے حلقہ این اے 47 مین صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا جبکہ جی سیون فور کے پولنگ اسٹیشن نمبر 321 خواتین کے لئے مختص کیا گیا ہے جہاں خواتین ووٹرز کی کل تعداد 965 ہے، جبکہ مردانہ کا پولنگ اسٹیشن نمبر 320 G7/4 میں مرد ووٹرز کی کل تعداد1200 ہے۔
اس کے علاوہ مردانہ پولنگ اسٹیشن نمبر 322 میں بھی پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں مرد ووٹرز کی تعداد 1269اور خواتین کے پولنگ اسٹیشن نمبر 323 میں ووٹرز کی تعداد 1139 ہے۔ ووٹرز نے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے ووٹنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سیکیورٹی کی صورتحال مد نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی عملہ کی کثیر تعداد پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہے۔