پشاور،08فروری(اے پی پی): چیف سیکرٹری ندیم اسلم چودھدری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے عام انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف پولنگ اسٹیشنز اور مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز کا دورہ کیا۔
چیف سیکریٹری اور آئی جی پی نے پشاور میں عام انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کے جائزہ کیلئے شہر کا دورہ کیا۔ وہ مختلف پولنگ اسٹیشنز گئے۔ پولیس اہلکاروں اور عملے کے ساتھ مُلاقات کرکے جاری الیکشن کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔صوبائی افسران نے عملے اور پولیس اہلکاروں کے احسن طریقے سے فرائض کی ادائیگی پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پی نے صوبائی سطح پر محکمہ داخلہ اور سنٹرل پولیس آفس میں قائم کردہ کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز کا بھی دورہ کیا۔جہاں پرافسران کو صوبے بھر کے پولنگ اسٹیشنز میں جاری الیکشن کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی افسران کو بتایا گیا کہ اضلاع کی سطح پر پولیس کے ساتھ انتظامیہ کے افسران بھی موجود ہیں اور مستقل تمام صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ پولنگ کا عمل مؤثر، صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقے سے جاری ہے۔