اسلام آباد،13 جنوری ( اے پی پی ) : نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کے ہمراہ نادرا ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ،چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا،نادرا حکام کی جانب سے وزیر داخلہ کو ادارے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کا حامل ادارہ ہے اور ہمارا اہم قومی اثاثہ ہے۔ قومی شناخت کا پاسبان ہونے کی وجہ سے اس ادارے کا قومی سلامتی و سکیورٹی میں اہم کردار ہے،انہوں نے کہا کہ شناختی دستاویز کا حصول شہریوں کا بنیادی حق ہے اور اس ضمن میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جانی چاہئے،
وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے فرائض کو احسن تریقے سے سرانجام دے رہا ہے۔ چیئرمین نادرا نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ادارے کے معیار کو مزید بلند کیا ہے۔