لاہور،13فروری ( اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت نے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیسک بورڈ کے 127 واں اجلاس سے خطاب میں کیا۔ نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں قائم بزنس فسلی ٹیشن سنٹرز سرمایہ کاروں کو سہو لتیں دے رہے ہیں۔ بزنس فسلی ٹیشن سنٹرز نئے کارخانے لگانے کے لئے این او سی کے اجراء کا تیز ترین نظام ہے۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی فراہمی سے صنعت کاری کا عمل تیز ہوا ہے،نئے کارخانے لگنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، بورڈ نے 126 ویں بورڈ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی۔ بورڈ نے گزشتہ ماہ آئیرلینڈ کے شہر ڈبلن میں منعقدہ کرافٹ اینڈ ڈیزائن ایگزیبیشین میں پیسک کے وفد کی شرکت پر ہونے والے اخراجات کی منظوری دی۔ بورڈ نے پنجاب سمال انڈسٹری کارپوریشن میں مختلف کیڈر کی 100 خالی آسامیاں ختم کرنے کی منظوری دی ۔
سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن، ڈی ایم ڈی اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔