وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چھٹا  اجلاس

20

گلگت،15فروری(اے پی پی):وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چھٹا  اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں  ماہ رمضان کے دوران  عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں، صوبائی کابینہ کے سابقہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزراء ، وزیراعلیٰ کے مشیروں ، چیف سیکریٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے تمام متعلقہ محکمے فوری اقدامات کریں اور اس سلسلے میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس موقع پر 2023 ء کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور ایمرجنسی کاموں کی مد میں معاوضہ جات کی ادائیگی کیلئے پیشرفت تیز کرنے کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔

 وزیر اعلی گلگت بلتستان نے غذر شندور ایکسپریس وے کی زد میں آنیوالی زمینوں کیلئے سیکشن فور کے اطلاق کیلئے  کابینہ میں پیش کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے محکمہ برقیات کو ہدایت جاری کی کہ ماہ رمضان کے دوران کم از کم لوڈ شیڈنگ یقینی بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سحری اور افطار کے اوقات میں ڈیزل جنریٹرز چلا کے بجلی فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کے تمام محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کیلئے فوری طور پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔کابینہ اجلاس کے بعد سینئر وزیر برائے خوراک و سیاحت غلام محمد، سینئر وزیر برائے خزانہ انجینئر محمد اسماعیل، وزیر داخلہ شمس الحق لون اور وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت نے کابینہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے انوائرنمنٹل امپیکٹ  اسیسمنٹ ریگولیشنز 2023 ء کی منظوری دی ہے اور متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کی انوائرنمنٹل اتھارٹی کے پائیدار ماحول کے تحفظ کیلئے مفاہمتی یاداشت کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان ریجنل گریڈ کی تعمیر کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سمری پر محکمہ برقیات کو مقپون داس میں 14 کنال زمین الاٹ  کرنے کیلئے وزیر برقیات کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرنےکی ہدایت جاری کی ہے اور ضلع شگر میں  ستھنگ کے مقام پر سولر منصوبے کیلئے زمین الاٹ کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔

 کابینہ اجلاس میں کریمنل لاء 2023 ء کی گلگت بلتستان میں توسیع کی بھی منظوری دی گئی ہے۔صوبائی وزراء نے مزید کہا کہ کابینہ اجلاس میں محکمہ خوراک گلگت بلتستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے مابین گلگت بلتستان میں غذائیت کی کمی دور کرنے کیلئے گندم اور آٹے میں وٹامنز کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مفاہمتی یاداشت کی بھی منظوری دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد یقینی بنانے کیلئے صوبائی  کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014 ء میں ترامیم سمیت گلگت بلتستان ڈیمارکیشن، کلاسیفیکیشن اینڈ نیمنگ آف لوکل ایریا رولز 2023 ء میں بھی ترامیم کی منظوری دیدی ہے تاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں درپیش قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔

 کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان لوکل کونسل رولز 2023 کے مسودے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ کابینہ اجلاس میں مناور گلگت میں نو تعمیر شدہ دارلامان کا ایک حصہ یتیم بچوں کیلئے قائم ادارہ سویٹ ہوم کو دینے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔

صوبائی وزراء نے پریس کانفرنس میں وفاق میں عام انتخابات میں جیتنے والے تمام امید داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وفاق میں سیاسی حکومت کے قیام کےبعد گلگت بلتستان کے مالی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور صوبائی حکومت نئی وفاقی حکومت کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن استوار کریگی تاکہ خطے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات بروئے کار لائے جا سکیں۔