چلڈرن ہسپتال کے اپ گریڈ او پی ڈی بلاک کا افتتاح کر دیا گیا، وزیراعلی نے پہلے اور دوسرے فلور کا دورہ کیا

36

لاہور،16فروری(اے پی پی):12 ماہ کا کام چند ہفتے میں مکمل،ایمرجنسی بلاک کے بعد چلڈرن ہسپتال کا او پی ڈی بلاک بھی اپ گریڈ ہو گیا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے بلڈ کینسرکے مرض میں مبتلا بچوں سے اپ گریڈڈ او پی ڈی بلاک کا افتتاح کر ایا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بلڈ کینسر میں مبتلا بچی کائنات،بون میروٹرانسپلانٹ کرانے والے بچے عبدالمفتی حنان اورڈونر شیر باز سے شفقت کا اظہار کیا اور انہیں اپ گریڈڈ او پی ڈی بلاک کے افتتاح کی دعوت دی۔

وزیراعلی محسن نقوی نے او پی ڈی کے پہلے اور دوسرے فلور کا دورہ کیا اورمختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا سینئر ڈاکٹرز اور فیکلٹی ممبران سے تعارف کرایا گیا۔ سینئر ڈاکٹرز نے ریکارڈ مدت میں اعلی معیار کے ساتھ چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر وزیر اعلی محسن نقوی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ مسٹر چیف منسٹر۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈاکٹرز سے استفسار کیا کہ آپ کا ہسپتال ٹھیک بن گیا ہے جس پر ڈاکٹرز نے کہا کہ کمال ہوگیا ہے یقین ہی نہیں آتا کہ یہ وہی ہسپتال ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ اب ڈاکٹرز اور نرسز کا فرض ہے کہ چلڈرن ہسپتال پر پوری توجہ دیں اور گھر کی طرح خیال رکھیں۔ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف اونر شپ لیں تو کوئی وجہ نہیں چلڈرن ہسپتال ایک مثالی ادارہ نہ بنے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے استقبالیہ کاؤنٹر پر ہاسپٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کا مشاہدہ کیا۔ اوپی ڈی فارمیسی، بچوں کے داخلے و ڈسچارج اورمین میڈیسن سٹور میں ہاسپٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم لاگو کر دیا گیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پلے ایریا،ڈاکٹر اورسٹاف رومز کا دورہ  کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ایمرجنسی بلاک کے بعد چلڈرن ہسپتال کااپ گریڈڈ او پی ڈی بھی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں سے آراستہ ہے۔ محکمہ تعمیرات ومواصلات اور محکمہ صحت کی ٹیم نے دن رات محنت کر کے مشکل کام کو جلد مکمل کیا۔

وزیراعلی محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کا بھی دورہ کیا اور ویٹنگ ایریا میں بیٹھنے کیلئے مزید بینچ لگانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مریض بچوں کے تیمار داروں کے لئے بیٹھنے کا مناسب انتظام ہونا چاہیے۔

 صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم،سیکرٹری صحت علی جان خان،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشرف،کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، وائس چانسلر چلڈرن یونیورسٹی ڈاکٹر محمود صادق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر ٹیپو سلطان اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔