اسلام آباد میں تین روزہ مادری زبانوں کا ادبی میلہ شروع

63

اسلام آباد، 16 فروری (اے پی پی): پاکستان کی مادری زبانوں کا تین روزہ ادبی میلہ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں شروع ہو گیا  ہے جس کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی نے کیا۔

21 فروری کو ہر سال پوری دنیا میں مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے ، اسی سلسلہ میں پاکستان میں 2016 سے مادری زبانوں کا عالمی دن انڈس کلچرل فورم کے زیر اہتمام اسلام آ باد میں بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے، اس سال انڈس کلچرل فورم نے پی این سی اے کے اشتراک سے یہ ادبی میلہ منعقد کیا ہے جسکا مقصد پاکستان میں مادری زبانوں کا فروغ ہے اور نئی نسل کو انکی مادری زبانوں کی اہمیت کے متعلق آگاہی دینا ہے۔

18 فروری تک جاری رہنے والے میلے میں مختلف سیشنز منعقد کیے جائیں گے جن میں تمام صوبوں کے نمائندے شرکت کریں گے جبکہ موسیقی اور ثقافتی رقص بھی میلے کا حصہ ہونگے۔

میلے کے اختتام پر مادری زبانوں کی نابغہء روزگار شخصیات کو خراج تحسین اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی تقسیم بھی کی جائے  گی۔