فلورل آرٹ ہماری مجموعی ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی

20

 

کراچی، 19 فروری (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ فلورل آرٹ صرف ایک مشغلہ نہیں بلکہ یہ تھراپی کی ایک قسم ہے جو ہماری مجموعی ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔یہ بات انہوں نے مسقط عمان میں منعقدہ بلوم عمان مقابلہ برائے پاکستان میں انعامات جیتنے والے فلورل آرٹ سوسائٹی آف پاکستان (ایف اے ایس پی) کے ممبران میں ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خاتون اول نے کہا کہ باغبانی اور پھولوں کی کاشت ذہنی تناؤ، پریشانی اور ڈپریشن سے نمٹنے میں مدد دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری باہمی ذمہ داری ہے کہ ہم نہ صرف اپنے ماحول کو صاف کریں بلکہ ایسی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں جو ہماری ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلورل آرٹ کی تقریبات کا باقاعدگی سے انعقاد کرکے ہم نہ صرف اپنے اردگرد کے ماحول کو خوبصورت بنا سکتے ہیں بلکہ اپنی نوجوان نسلوں کو بھی ایسی صحت مند سرگرمیوں میں شامل ہونے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلورل آرٹ اور پودوں کی ثقافت نہ صرف ہمارے عوامی مقامات کو خوبصورت بناتی ہے بلکہ ہماری زندگیوں میں رنگ بھرتی ہے۔ثمینہ عارف علوی نے بلوم عمان مقابلے میں پاکستان کے لیے 11 انعامات جیتنے پر ایف اے ایس پی کو مبارکباد دی۔

انہوں نے تقریب کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ خواتین میں چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات کے تناسب میں نمایاں کمی آئی ہے۔انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ معذور افراد کے حقوق اور ذہنی صحت کے بارے میں شعور اجاگر کریں۔اس موقع پر خاتون اول نے بلوم عمان میں پاکستان کے لیے انعامات جیتنے والے ایف اے ایس پی کے ممبران میں تعریفی اسناد  تقسیم کیں۔