قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سنٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنا خوش آئند ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

19

 

اسلام آباد،19فروری  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سنٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنا انتہائی خوش آئند ہے، قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سنٹر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے انتہائی اہمیت کے حامل شعبے ہیں، یہ شعبے اراکین قومی اسمبلی کو موثر اور  جدید تحقیق پر مبنی قانون سازی کرنے میں معلومات اور معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کی  لائبریری اور ریسرچ سنڑ کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ  جدید خطوط پر استوار ہونے کے بعد یہ شعبے پہلے سے زیادہ بہتر طریقے سے قومی اسمبلی کے اراکین کو قانون سازی اور پالیسی سازی میں معاونت فراہم کرنے کے ساتھ شہریوں اور میڈیا کو قومی اسمبلی کے متعلق معلومات فراہم کر سکیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سنٹر کی اپ گریڈیشن کے بعد قومی اسمبلی میں ڈیجیٹلائزیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی برائے خصوصی اقدامات سیّد شمعون ہاشمی نے  سپیکر قومی اسمبلی کوقومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سنٹر کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش سے متعلق  تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سنٹر کی اپ گریڈیشن 2050 تک کی ضررویات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔