لاہور، 22فروری(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے گورنر ہائوس لاہور میں شہدائے پنجاب پولیس ہاکی سیریز میں حصہ لینے والی ڈچ ہاکی کلب ٹیم اور ایچ ای سی پاکستان کی ٹیم نے ملاقات کی۔م
لاقات کے دوران چیف آرگنائزر چئیرمین خواجہ جنید نے گورنر پنجاب کو سیریز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کھیلوں کا فروغ بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں برداشت،ظم وضبط سمیت مختلف مثبت صلاحیتیں اجاگرکرتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہاکی ہمارا کا قومی کھیل ہے اور ہم نے اس کھیل میں پوری دنیا پر حکومت کی ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم ایک دفعہ پھر اس شعبے میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے۔
انہوں نے اس موقع پر ٹیموں اور آفیشلز کو گورنر ہائوس میں خوش آمدید کہا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سپورٹس لیجنڈ قوم کے ہیروہیں جنہوں نے اپنے متعلقہ کھیلوں میں شاندار کاکردگی کے ذریعے ملک کے لئے اعزازات حاصل کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بہت اچھے معیار کا کھیلوں کا سامان تیار کیا جاتا ہے اورپا کستان کا شہر سیالکوٹ کھیلوں کے سامان کی تیاری کے حوالے سے مشہور ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ سیالکوٹ میں تیار کیے گئے اعلی معیار کے فٹبال گزشتہ سال فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل مختلف ممالک کے لوگوں کے درمیان روابط مضبوط کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفد میں شامل ڈچ پلیئر نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور پاکستانی عوام بہت مہمان نواز اور ملنسار ہیں۔ آخر میں کھلاڑیوں کو دربار ہال اور گورنر ہائوس کے مختلف حصوں کا وزٹ بھی کرایا گیا۔ ملاقات میں ڈچ ہاکی کلب بل ای ٹیم کے کپتان روبن کیٹر،ایچ ای سی ہاکی ٹیم کے کپتان علی مرتضی،ڈچ ہاکی کلب کے چیف ڈی مشن طاہراقرار شاہ موجود تھے۔