سکھر، 23فروری(اے پی پی)پاکستان میں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر بنگلہ دیش محبوب العالم نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے بہت مواقع موجود ہیں۔ بنگلہ دیشی عوام مسلسل جدوجہد کے بعد اب ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں اس سال بیرون ملک خدمات انجام دینے والوں کی ایک بڑی تعداد میں بنگلہ دیشی شامل ہیں، بنگلہ دیش میں حکومت کی مسلسل بہتر پالیسیوں سے ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں بنگلہ دیش میں اس وقت خواندگی کی شرح 85 فیصد ہے۔
محبوب العالم نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے عوام کے بھی آپس میں بہت اچھے مراسم ہیں۔ ہماری حکومت کی پالیسی بھی یہی ہے کہ تمام دوست ملکوں سے اچھے تعلقات قائم کئے جائیں پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کا بھی ایک بہت اچھا رشتہ ہے یہی وجہ ہے کہ ہم کاروباری حضرات کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ با آسانی ہمارے ملک میں آکر سرمایہ کاری کر سکیں۔
ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ میرے اس دورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ میں تاجروں کو ترغیب دے سکوں کہ وہ اپنی مصنوعات کو بنگلہ دیش کی منڈیوں تک لائیں ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیش میں خواتین کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ہمارے ملک میں خواتین کی تعلیم کا تناسب زیادہ ہے اس کے علاوہ فیکٹری ورکرز سمیت ملک کے تقریباً ہر شعبے میں خواتین باعزت انداز میں روزگار کما رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں شامل ہیں اور اسی طرح بنگلہ دیش کے کرکٹرز بھی پاکستان میں کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔