اسلام آباد،24فروری (اے پی پی):آئی ٹی ایف پاکستان زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ لیگ ٹو ہفتہ کو سید دلاور عباس پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ جس میں پاکستان کے احمد نیل قریشی نے بوائز سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا۔پاکستان کے احمد نیل قریشی نے شاندار ٹینس کھیل کر اپنے حریف کو سٹریٹ سیٹس میں آؤٹ کلاس کیا۔ احمد نیل قریشی نے پورے میچ میں اپنا حوصلہ برقرار رکھا اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پی ٹی ایف کے سابق صدر سلیم سیف اللہ خان، اعصام الحق قریشی صدر پی ٹی ایف، کرنل ضیاء الدین طفیل اور محمدعارف قریشی خزانچی پی ٹی ایف نے احمد نیل کو ان کی یادگار جیت پر مبارکباد دی۔بوائز سنگلز فائنل میں پاکستان کے احمد نیل قریشی نے چین کے شیجی چن کو 1_6اور3_6 سے ہرا کر چیمپئن شپ جیت لی۔گرلز سنگلز فائنل میں بیلاروس کی کیرا کالینوسکایا نے تھائی لینڈ کی پارامی تاڈکایو کو 4_6اور 2_6سے ہرا کر چیمپئن شپ جیت لی۔سینیٹر سلیم سیف اللہ خان سابق صدر پی ٹی ایف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
اختتامی تقریب میں پی ٹی ایف کے سینئر نائب صدر کرنل ضیاءالدین طفیل، کرنل صدف اکرم، سعید احمد،کرنل (ر)گل رحمٰن ڈائریکٹر پی ٹی ایف ،پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد خان اور ایک بڑی تعداد میں کھلاڑیوں، کوچز، والدین، میڈیا پرسنز اور ٹینس سے لگاؤ رکھنے والوں نے شرکت کیں۔سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے نوجوان اور باصلاحیت زینب علی نقوی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، ایک نوجوان ٹینس کھلاڑی جو آئی ٹی ایف جونیئرز ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے کراچی سے اسلام آباد آئی تھی اور 12 فروری 2024 کو اسلام آباد میں انتقال کر گئیں۔ پی ٹی ایف کے سابق صدر نے کہا کہ ٹینس برادری واقعی بہت صدمے میں ہے اور زینب کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سلیم سیف اللہ خان نے کمپلیکس کی کورٹ نمبر 1 کو مرحومہ زینب علی نقوی کی یاد میں وقف کرنے پر اعصام الحق قریشی صدر پی ٹی ایف کا شکریہ ادا کیا۔ اب سے کورٹ نمبر 1 کو زینب علی نقوی کورٹ کہا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ اب وہ اے ٹی ایف کے نائب صدر ہیں، وہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں مزید بین الاقوامی ٹورنامنٹس لائیں گے۔ پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے احمد نیل قریشی کی جیت پر مسرت کا اظہار کیا ۔چیمپئن شپ کی نگرانی محمدعارف قریشی آئی ٹی ایف وائٹ بیج ریفری نے کی۔