ڈیرہ غازی خان، 26 فروری(اے پی پی):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہے کہ رمضان پیکج سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بسپ کے رجسٹرڈ نو لاکھ خاندان مستفید ہوں گے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خاندانوں کو اعلیٰ معیار کا آٹا، گھی، چینی،چاول اور بیسن گھروں کی دہلیز تک مفت پہنچایا جائےگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے کہا کہ اس مرتبہ مستحق خاندانوں کو بازاروں اور تقسیم مراکز میں بلانے کی بجائے گھروں تک رمضان پیکج کے پیکٹس مفت پہنچائے جائیں گے تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی مشکلات اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور کہا کہ رمضان پیکج کے پیکٹس میں دس کلو آٹے کا تھیلا، دو،دو کلو گرام چینی،بیسن،گھی اور چاول شامل ہوں گے۔مخصوص پیکنگ میں رمضان پیکج کی اشیاء پہنچائی جائیں گی۔کمشنر نے کہا کہ کاروباری افراد ماہ صیام میں جائز منافع کے ساتھ ثواب حاصل کریں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ،عثمان علی،منور عباس، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش،اے ڈی سی آر میاں رضوان نذیر،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ایوب بخاری،ڈی ایف سی،ڈی او انڈسٹریز اور انجمن تاجران کے نمائندے موجود تھے۔