سیالکوٹ،26فروری (اے پی پی):کمپگنی میری ٹائم ڈی افریٹمنٹ کمپگنی جنرل میری ٹائم (سی ایم اے سی جی ایم)پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)عمران باوانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔
صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک اور نائب صدر عامر مجید شیخ نے معزز مہمانوں کو چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس عبدالغفور ملک نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں سی ای او سی ایم اے سی جی ایم عمران باوانی، جنرل مینجر (جی ایم) اویس ہنگورا، جی ایم سی ایف اوراشد محمود، ڈپٹی کمرشل ہیڈ محمد سعید و دیگر کا خیر مقدم کیا ۔
عبدالغفور ملک نے کہا کہ میں عالمی تجارت اور گاہکوں کے لیے قدر پیدا کرنے میں سی ایم اے سی جی ایم گروپ کے اہم کردار کی تعریف کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم اے سی جی ایم گروپ کا مقصد پانچ اسٹریٹجک ستونوں، بحری ترقی کو آگے بڑھانا، لاجسٹک حل پیش کرنا، جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کو تیز کرنا، ترقی پذیر حل اور گروپ کے عملے کے ارکان کے ساتھ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مہمانوں کو سیالکوٹ کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ ٹیلنٹ سے بھرا شہر ہے، یہاں قائم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے سالانہ 2.5 امریکی ڈالر کا زرمبادلہ کما رہے ہیں ، ہمارے فٹ بال، فیلڈ ہاکی اسٹکس، کرکٹنگ گیئر، اور باکسنگ گلوز بین الاقوامی گیمز بشمول اولمپکس اور ورلڈ کپ میں استعمال ہوتے ہیں، زیادہ تر بین الاقوامی کرکٹ بلے باز خصوصی طور پر سیالکوٹ میں تیار کردہ بلے کو ترجیح دیتے ہیں۔
عبدالغفور ملک نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے کاروبار میں غیر معمولی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں اس نے اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ ڈرائی پورٹ ٹرسٹ، سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ، ملک کا دوسرا ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اور اسپورٹس انڈسٹریز ڈویلپمنٹ سینٹر جیسے منصوبے شروع کیے ہیں ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سی ایم اے سی جی ایم پاکستان عمران باوانی نے سیالکوٹ چیمبر میں تشریف لانے والے تاجروں کے سوالات سنے اور ان کی مشکلات کے حل کے لیے اہم و ٹھوس اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ سی ایم اے سی جی ایم پاکستان کا ملک بھر میں سب کے لیے ایک ہی ریٹ ہو گا جسے ہم نے آن لائن بھی کر رکھا ہے۔
نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عامر مجید شیخ نے تقریب کے اختتام پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سی ایم اے سی جی ایم کے وفد کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔