کوئٹہ، 28 فروری (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ بارش سے متاثر ہر ایک فرد تک حکومتی امداد کی فراہمی اور متاثرہ علاقے کی ازسرِنو بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔حکومت متاثرین کی امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ، صوبائی حکومت عوام کو اکیلا چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتی ،شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد تک امداد پہنچانے اور ان کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے ،متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نےبدھ کے روز زیر صدارت صوبے میں بارشوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیااورانتظامیہ نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریڑی بلوچستان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پورے صوبے میں بارشوں کے امکانات ہیں۔اس موقع پر چیف سیکریڑی نے تمام کمشنرز فوڈ نان فوڈ آئٹمز سٹور کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں انہوں نے تمام کمشنرز کو تمام محکموں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری کو اجلاس میں مزید بتایا گیا ہے کہ ابھی تک 600 خاندانوں کو راشن تقسیم کی گئی ہے اورمتاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہےگوادر میں مسلسل بارش نے عمارتوں کو متاثر کیا ہے۔گوادر میں 187 ملی میٹر بارش ریکارڈ کیا گیاہے۔