اسلام آباد،28 فروری ( اے پی پی ): سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز کے سامنے شاہراہ جمہوریت پر یادگار دستور اور باغ دستور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن میرے لیے بڑے اعزاز کا باعث ہے، یادگار دستور کا قیام احسن اقدام ہے،انہوں نے کہا کہ یادگار دستور کی تعمیر کا مقصد عوام الناس کو اپنے پارلیمان اور آئین سے جوڑے رکھنا ہے، آئین پاکستان ہماری عظمت اور توقیر کا نشان ہے،آج کے دن کو تاریخ میں یادگار دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کے لیے یادگار دستور اور باغ دستور تحفہ ہے،آئین پاکستان کی تشکیل شہید ذوالفقار علی بھٹو کا پوری قوم پر بڑا احسان ہے،آئین پاکستان ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے،انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹومرحوم نے قوم کو متفقہ آئین دیا،شاہراہ دستو پر قائم ‘یادگار دستور ‘ ہر وقت اراکین پارلیمنٹ کی نظر کے سامنے ہوگی،یادگار دستور اور باغ دستور عوام کے لیے ایک تفریحی مقام کے طور پر کھلا رہے گا۔
اسپیکر نے شہریوں کو یادگار دستور کا دورہ کرنے کی ضرورت پر زوردیا،انہوں نے کہا کہ یادگارِ دستور کا دورہ کرنے والے افراد آئین سے متعلق آگاہی حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یادگار دستور اور باغ دستور کی تعمیر میں حصہ لینے والے تمام افراد ہمارے ہیرو ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی نے 16ویں قومی اسمبلی کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 16ویں قومی اسمبلی وجود میں آنے جا رہی ہے،۔ امید ہے آنے والی اسمبلی اپنا فرض ادا کرے گی۔