لاہور:28 فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے یونیورسٹی آف لندن کی پرو وائس چانسلر، انٹرنیشنل، لرننگ اینڈ ٹیچنگ پروفیسر میری سٹیسنی (Professor Mary Stiasny) نے ملاقات کی۔
مریم نوازشریف نے پروفیسر میری سٹیسنی کی دنیا بھر میں معیاری تعلیم، اساتذہ کی تربیت اور وظائف کی فراہمی کے لئے کاوشوں کو سراہا پروفیسر میری سٹیسنی نے پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نوازشریف کو مبارک دی۔
مریم نوازشریف نے پروفیسر میری سٹیسنی کو صوبہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ، اساتذہ کی تربیت سے متعلق اپنے ایجنڈے سے آگاہ کیا وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر بچے اور بچی کی معیاری تعلیم، انہیں ہنر مند بنانا میری ترجیح ہے۔ آئی ٹی کی بنیاد اور جدید خطوط پر تعلیمی نصاب تیار کرنا چاہتے ہیں۔ ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہنر سکھانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے طالب علموں کو انٹرنیشنل سکالرشپس کی فراہمی چاہتے ہیں۔ مریم نوازشریف نے پروفیسر میری سٹیسنی سے اساتذہ کے لئے آن لائن تربیتی کورسز کے آغاز پر بھی گفتگو کی۔مریم نوازشریف نے خاص طورپر بچیوں کی تعلیم کے لئے اساتذہ کی تربیت کے کورسز سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا برس ہا برس کا تجربہ بچیوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لئے بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ پروفیسر میری سٹیسنی نے تعلیم بالخصوص بچیوں کی تعلیم، اساتذہ کی تربیت، معیاری نصاب، ہنرمندی اور سکالرشپس کے لئے مریم نوازشریف کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون کے طور پر آپ سے یہی توقع تھی کہ آپ تعلیم کو اپنے ایجنڈے کا اہم حصہ بنائیں گی، پروفیسر میری سٹیسنی نے کہا کہ امید ہے کہ آپ پختہ عزم کے ساتھ اس مقصد کو حاصل کرپائیں گی۔ پروفیسر میری سٹیسنیدنیا بھر میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں نہایت ممتاز نام ہیں۔ وہ لندن یونیورسٹی کے دنیا بھر میں 100 آن لائن اور دیگر پروگرام چلانے میں خصوصی مہارت رکھتی ہیں ۔
پروفیسر میری سٹیسنی دنیا کے 190 ممالک میں 45 ہزار سے زائد طلباءکی تعلیم کی ذمہ داری انجام دے رہی ہیں
پروفیسر میری سٹیسنی کی ذمہ داری میں یونیورسٹی آف لندن کے بڑے آن لائن کورسز کے ذریعے 14 لاکھ طلباءتعلیم حاصل کررہے ہیں پروفیسر میری سٹیسنی نے اپنے کیرئیر کا آغاز سکینڈری سکول ٹیچر کے طورپر کیا تھا
پروفیسر میری سٹیسنی ماضی میں کامن ویلتھ سکالرشپ کمشنر بھی رہ چکی ہیں۔