وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی دودوچھہ ڈیم روالپنڈی سائٹ آمد، تکمیل کے لئے نومبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر

20

لاہور،29فروری(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پہلے دورہ راولپنڈی کے دوران دودوچھہ ڈیم سائٹ پہنچ گئیں اور ڈیم سائٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ دودوچھہ ڈیم سائٹ پر اضافی مشینری و ورک فورس لگا کر مختلف سیکشنز پر کام شروع کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت کا شکار ہونے والے ملکوں میں سرفہرست ہے،زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارشی پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ راولپنڈی اور دیگر علاقوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے،دودوچھہ ڈیم سے آبی ضرورت پوری کی جاسکے گی۔انہوں نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، شارٹ فال 60  ایم جی ڈی تک پہنچ جاتا ہے۔پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے دودوچھہ ڈیم پر ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ 12 ارب کی لاگت سے بننے والا یہ ڈیم اپنی تکمیل کے بعد راولپنڈی شہر کی پانی کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ پورا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ د ودوچھہ ڈیم میں رائٹ آف دی وے کا کلیئر کروا نا خوش آئند ہے تاکہ کام کی رفتار میں کوئی فرق نہ پڑے۔ ڈیم راولپنڈی شہر کے لئے35  ملین گیلن پر ڈے پینے کا صاف پانی مہیا کرے گا۔

اس موقع پر ایف ڈبلیو او حکام نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو دو دوچھہ ڈیم پر بریفنگ دی اور بتایا کہ دو دوچھہ ڈیم پراجیکٹ پر دوبارہ کام نومبر 2023 سے شروع کیا گیا ہے۔دودوچھہ ڈیم کے لئے سپل وے پر پانی کے اخراج کا عمل جاری ہے۔عدالت کے فیصلے کی روشنی میں زمین کی قیمت کے ازسر نو تعین کے لئے ریوائزڈ پی سی ون پر بھی کام جاری ہے۔سائٹ پر کام تیزی سے جاری ہے،اب تک کی فنانشل پراگریس40  فیصد اور فزیکل پراگریس12 فیصد ہے۔

راولپنڈی سے25  کلو میٹر کے فاصلے پر واقع  دودوچھہ ڈیم کی تعمیر کے لئے راولپنڈی و کلرسیداں کے علاقے کی کل16194 کنال 14 مرلہ زمین حاصل کی گئی۔ڈیم کی اونچائی 123 فٹ،لمبائی 737 فٹ اورکیچ منٹ ایریا 129 مربع میل ہے۔وزیر اعلی مریم نواز نے دودوچھہ ڈیم کی تکمیل کے لئے نومبر 2025  کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔

 سابق سینیٹر پرویز رشید، ارکان اسمبلی مریم اورنگ زیب،ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری،سیکرٹری اریگیشن،ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔