اسلام آباد، یکم مارچ(اے پی پی):قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس جاری ہے جبکہ اسپیکر کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے اجلاس راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے رولز آف بزنس پڑھ کے سنائے اور اس کے بعد اسپیکر کے چناؤ کے لئے نامزد امیدواروں سے پولنگ ایجنٹس کی تعیناتی کے لئے نام مانگے گئے، جس کے بعد پولنگ کا با قاعدہ آغاز ہوا۔
اسپیکر کے لیے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ایاز صادق جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر ہیں۔
اسپیکر کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے چناؤ کے لیے ووٹنگ ہو گی، ڈپٹی اسپیکر کے لیے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مصطفیٰ شاہ ہیں۔
یاد رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہو رہا ہے۔